عمران خان کی قیادت میں مافیا کیخلاف برسرپیکار رہیں گے: مسرت جمشید چیمہ

15 فروری 2018

لاہور( لیڈی رپورٹر ) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں مافیاز کے خلاف برسر پیکار ہیںاور ابھی ہمیں ان کے خلاف طویل جدوجہد کرنی ہے ،لودھراں ضمنی انتخاب کے نتائج کا تمام پہلوئوں سے جائزہ لے کر نئے جوش وجذبے کیساتھ میدان میں اتریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں خواتین کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لازوال اور انتھک جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ کئی دہائیوں سے عوام کا خون چوسنے والے حکمران پانامہ کی شکل میں نہ صرف بے نقاب ہوئے ہیں بلکہ اپنے انجام کو بھی پہنچے ہیں۔ یہاں اقتدارمیں آنے والوں نے مافیاز کا روپ دھاررکھا ہے اور ان سے نجات حاصل کرنے کیلئے ابھی طویل جدوجہد کرنا ہو گی۔