عوام ایم ایم اے کی فعالیت کے منتظر ہیں: لیاقت بلوچ

15 فروری 2018

لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے جمعیت اتحاد العلماء اور مختلف دینی جماعتوں کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل کو آئندہ چند روز میں مرکزی قائدین فعال کرنے کا فیصلہ کر لیں گے۔ سربراہی اور مرکزی کونسل کے اجلاس کی تاریخ کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ علمائے کرام نے کہاکہ پنجاب میں دینی جماعتیں ، علماء اور محب دین عوام ایم ایم اے کی فعالیت کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں ۔ پنجاب کے عوام اور ووٹرز آئین اور اسلامی قوانین کے نفاذ اور کرپشن اور سود سے پاک معاشی نظام کا غلبہ چاہتے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے۔ پاکستان کی جو صورتحال فی الوقت ہے، وہ ہر صاحب فکر اور محب وطن پاکستانی کے لیے باعث تشویش اور نہایت تکلیف دہ ہے۔ ستر سال میں نظام اسلامی اور قرآن و سنت پر مبنی طرز حکمرانی بھی چھوڑا لیکن کرپٹ نااہل مفاد پرست متقدر طبقہ نے جمہوریت کی بھی مٹی پلید کردی ہے۔