شہباز شریف آج بورے والا میں جلسہ عام سے خطاب‘ متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرینگے

15 فروری 2018

لاہور/ بوریوالا (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ شہباز شریف آج جمعرات کو ملتان ڈویژن کے ضلع وہاڑی کی تحصیل بوریوالا میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ نوازشریف اور مریم نوازشریف کے علاوہ میاں شہباز شریف بھی مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں رابطہ مہم کو مزید تیز کرنے جارہے ہیں۔ میاں شہباز شریف بوریوالا کے جلسہ عام کے بعد 9 مارچ کو گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بوریوالا سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق وزیراعلیٰ کے دورے کے سلسلے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں وزیراعلیٰ ریسکیو 1122 کی بلڈنگ، کارڈیک سنٹر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، سپیشل ایجوکیشن سکول، نکاسی آب و دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے میڈیکل کالج، جنرل کالونی، صحافی کالونی، سوشل ویلفیئر آفس، ڈگری کالج برائے خواتین سمیت متعدد میگا پراجیکٹس کا اعلان بھی متوقع ہے۔