سینٹ اجلاس میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا نزہت صادق کے سوال کا غلط جواب
اسلام آباد (نامہ نگار) وزارت کیڈ کی اپنے وزیر کو غلط بریفنگ ،وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان بالا میں غلط جواب دے دیا۔بدھ کو وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر نزہت صادق کے سوال کے جواب میں پوچھے گئے ضمنی سوالوں پر وزیر کیڈ نے ایوان کو بتایا کہ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنزریگولیٹری اتھارٹی (پیرا)کے رولز 2016کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے اور اس پر عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے،اس لیے ہم اس پر عملدرآمد یا کسی قسم کی ترمیم نہیں کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عدالت کا فیصلہ آئے گا تو ہم کوئی قدم اٹھا سکیں گے۔اصل صورتحال یہ ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نجی سکولوں کی طرف سے دائر رٹ پر محفوظ فیصلہ 19جنوری کو سنا دیا تھا اور اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کے لئے بنائی گئی ریگولیٹری اتھارٹی کے رولز2016کواز سر نو بنانے کی ہدایت کی تھی۔