اسلام آباد ہائیکورٹ کی ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے جاری حکم امتناعی میں توسیع

15 فروری 2018

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عوامی و سرکاری مقامات پر ویلنٹائن ڈے منانے اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں کوریج سے روکنے کے حوالے سے جاری حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت اس معاملے میں عدالتی معاون مقرر کرے گی۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔ ویلنٹائن ڈے منانے اور اس کی تشہیر کے خلاف شہری عبدالوحید کی درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ مذکورہ درخواست گزشتہ سال 2017ئ￿ میں دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے عوامی و سرکاری مقامات پر ویلنٹائن ڈے منانے اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں اس کی تشہیر سے روکتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔ درخواست گزار نے موقف پیش کیا تھا کہ ویلنٹائن ڈے اسلامی تعلیمات و اقدار کے خلاف ہے۔ لہٰذا ویلنٹائن ڈے منانے اور میڈیا میں اس کی تشہیر پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ اس سے نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے۔ فاضل عدالت نے ویلنٹائن ڈے منانے اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں اس کی تشہیر کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر درخواست گزار اور پیمرا کے وکیل پیش ہوئے۔ دوران سماعت پیمرا کے وکیل نے رپورٹ داخل کرائی جس پر عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔