پارلیمنٹ میں ضمیر فروشوں کی کوئی جگہ نہیں: عابد شیر علی

15 فروری 2018


اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں ضمیر فروشوں کی کوئی جگہ نہیں ، عوام ایسے لوگوںکو آئندہ انتخابات میں مسترد کردیں گے، سینیٹ کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اپنا چیئرمین سینیٹ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں، آمر پرویز مشرف نے پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں دھکیلا ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی وہی پالیسیاں ہیں جو سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی تھیں ، ماضی کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو عوام نے اکثریت دی جبکہ کے پی کے میں پی ٹی آئی اور سندھ میں پی پی پی کو صوبائی سطح پر اکثریت ملی اور بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) نے مخلوط حکومت بنائی جو ایک اچھا فیصلہ تھا۔ نواز شریف نے میثاق جمہوریت پر عمل کیا، محترمہ بینظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت پر دستخط کئے لیکن آصف علی زردار ی نے عمل نہیں کیا ۔سینیٹ انتخابات کے لئے ووٹوں کی خرید و فروخت کی جارہی ہے۔ضمیر فروشوں کی پارلیمنٹ میں جگہ نہیں ۔
عابد شیر علی