لودھراں میں مسلم لیگ کی کامیابی نے اپوزیشن کا بے بنیاد بیانیہ مسترد کر دیا: جعفر اقبال

15 فروری 2018

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ لودھراںکے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی بھاری اکثریت سے کامیابی نے اپوزیشن کے بے بنیاد بیانیہ کو مسترد کر دیا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ سینٹ میں بہت سے ایسے ارکان لائے گئے جو سیاسی کارکن ہیں، پاکستان کا ووٹر اور سیاسی کارکن بکتا نہیں ، عمران خان کو جس نے پیشکش کی اس کو بے نقاب کریں، 2013ء کے مینڈیٹ کے حوالے سے دھرنے میں لگائے گئے الزامات غلط ثابت ہوئے۔ لودھراں کے ووٹرز کو اس منتخب ایوان سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے ثابت کر دیا کہ کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے وراثتی سیاست کی بھی نفی کر دی ہے، لاہور مال روڈ کے جلسہ میں پارلیمنٹ کے حوالے سے جو بیانیہ دیا گیا وہ بھی لودھراں کے عوام نے مسترد کر دیا۔