وانا میں سازش کے تحت آگ بھڑکائی گئی، جلد فاٹا خیبر پی کے کا حصہ ہوگا: زرداری

15 فروری 2018

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وانا دنیا کا سب سے خوبصورت علاقہ ہے، ایک سازش کے تحت وہاں آگ بھڑکائی گئی، امن تباہ کیا گیا۔وزیر ستان کے قبائل ملک کی سرحدوں کے نگہبان تھے۔ شمالی وزیرستان کے عمائدین نے زرداری سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر سید نیر حسین بخاری، فیصل کریم کنڈی اور اخوند زادہ چٹان بھی موجود تھے۔ شمولیت کا اعلان کرنے والوں میں ملک غلام خان وزیر، ملک مہمند اشیر، زائت اللہ خان، اصل میر، ملک ایاز خان، اشرف خان، سمیع مہمند وزیر، میر بات خان، نور خان، اشرف خان، فضل خان، مسعود خان، سخی سرور خان، سرحد اللہ خان، قیوم خان، گلزار خان، ولی خان اور سعید نور شامل ہیں۔ زرداری نے کہا کہ فاٹا کو کے پی کا حصہ بنانا پیپلزپارٹی کا مشن ہے۔ فاٹا والوں نے دہشت گردوں کے بہت زخم کھائے ہیں اور مزاحمت کی ہے۔ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ فاٹا میں ترقی ہو، روزگار کے مواقع میسر ہوں، جدید ہسپتال ہوں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب فاٹا کے کا حصہ ہوگا صوبہ میں فاٹا کی مکمل نمائندگی ہوگی۔ آصف زرداری نے کہا پیپلز پارٹی کا یہ اصولی موقف ہے کہ ریاست کہ ثمرات فاٹا کے عوام کو بھی ملیں یہ ان کا حق ہے پیپلزپارٹی ان کو یہ حق ضرور دلائے گی۔