لاہور،21لاکھ کے ڈاکے‘ نقدی‘ زیورات لوٹ لئے‘ 2کاریں‘ 7 موٹرسائیکل چوری

15 فروری 2018

لاہور(نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ڈاکوؤں نے بھاٹی گیٹ کے علاقہ میںناصر کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 6لاکھ 75ہزار مالیت، مصری شاہ کے علاقہ میں لقمان کے گھر سے 4لاکھ 10ہزار مالیت، گلشن اقبال کے علاقہ میں سرفراز کے گھر سے 3لاکھ مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شمالی چھائونی کے علاقہ میںعبدالرحمان کی فیملی کو یرغمال بنا کر 4لاکھ مالیت، ریس کورس کے علاقہ میں جاوید کی فیملی کو یرغمال بنا کر2لاکھ 40 ہزار مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ نیو انارکلی کے علاقہ میں سنٹرل ماڈل سکول کے قریب دو ڈاکوؤں نے روزنامہ نوائے وقت کے سینئر سب ایڈیٹر محمد جمیل سے گن پوائنٹ پر موبائل فون، پرس اور بیگ چھین لیا جبکہ تھانے میں مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دیدی گئی ہے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی7وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ چوروں نے بادامی باغ سے محسن، ہڈیارہ میں شاکر کی کاریں جبکہ مستی گیٹ سے نعیم ، شالیمار میں فیروز، شاد باغ میں بابر، ہربنس پورہ سے صادق، فیکٹری ایریا میں سلیم، ٹاؤن شپ سے مختار، کوٹ لکھپت سے عارف کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔