لیبیا کشتی حادثہ، 11 پاکستانیوں کی میتیں واپس وطن پہنچ گئیں
اسلام آباد (صباح نیوز) لیبیا کشتی حادثے میں جاںبحق ہونے والے 11 پاکستانیوں کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں، چند روز قبل بحیرہ روم کے ذریعے اٹلی جانے والی کشتی لیبیا کے ساحل پر الٹنے سے 90 افراد ڈوب گئے تھے جن میں 16 پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔حادثے میں 13 پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئی تھیں جب کہ 3 افراد کی لاشیں تاحال نہیں مل سکی ہیں۔ 2 افراد کی میتیوں کو دستاویزات مکمل ہونے کے بعد آئندہ چند روز میں پاکستان لایا جائے گا۔جاں بحق افراد کی میتیں جدہ سے ایس وی 722 کے ذریعے براستہ ریاض بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ لائی گئیں حکومت نے اس کے لیے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ میتیں ایئر پورٹ پہنچیں تو لواحقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ میتیوں کو ان کے علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔ان میں اکرام الحق، تنزیل الرحمن، عظمت بی بی، ولید اکرم، فرحان علی، محمد قاسم بیگ، محمد عزیز، کاشف جمیل، مرزا غلام فرید،مظہر حسین کی میتیں شامل ہیں۔یاد رہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے 8 کا تعلق گجرات، 3کا منڈی بہا الدین، ایک کا راولپنڈی اور ایک کا سرگودھا سے ہے۔
11 میتیں