مظفر گڑھ:6 سالہ بچے کے اغواءکا معمہ حل‘ والدہ نے خود غائب کرایا

15 فروری 2018

مظفرگڑھ(نامہ نگار) 6 سالہ بچے کے اغواءکے ڈرامے کا ڈراپ سین ہوگیا، ماں نے مخالفین کیخلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے اپنے بچے کو ایک ماہ کے لیے روپوش کرادیا، پولیس نے 2 افراد گرفتار کرلیے۔تفصیلات کیمطابق کرمداد قریشی سے 6 سالہ بچے ساجد کے مبینہ اغواءکا مقدمہ تھانہ قریشی میں درج کرایاگیا،13جنوری کو درج کرائے جانے والے اغواءکے مقدمہ کی مدعیہ بچے کی ماں حسینہ مائی تھی۔پولیس ترجمان وسیم خان گوپانگ کیمطابق ڈی ایس پی صدرملک اشرف ماڑھانے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں ایس ایچ اوتھانہ قریشی اور اےس آئی فرحان کریم نے کیس کی تفتیش کی تو معلوم ہوا بچے کے اغواءمیں کوئی اغواءکار ملوث نہیں بلکہ بچے کی ماں نے ہی اپنے سگے بچے کے اغواءکا ڈرامہ رچایا، منصوبے کے تحت اپنے داماد اقبال اور اسکے دوست عابد کے ذریعے بچے کو اغواءکرایاگیا، بعدازاں ایک ماہ تک بچے کو مختلف رشتہ داروں کے گھر منتقل کیاجاتا رہا، تھانہ قریشی نے بچے کو برآمد کراکر داماد اور اسکے دوست کو گرفتار کرلیا ہے۔
بچہ اغوا معمہ حل