نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے پروفیسر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا

15 فروری 2018

لاہور ( این این آئی) لاہور کے علاقہ کلمہ چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے پروفیسر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔ پولیس کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ باٹنی کے پروفیسر تنظیم اکبر چیمہ کالج سے اپنی گاڑی پر گھر جا رہے تھے کہ کلمہ چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار افراد نے انہیں روکا اور فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جنہیں شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق مقتول کو 4 گولیاں ماری گئیں جن میں 3گولیاں ٹانگوں اور ایک سینے میں لگی جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی گئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ پروفیسر تنظیم اکبر چیمہ کو ذاتی رنجش پر قتل کیا گیا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے واقعہ مین روڈ کے بجائے سروس روڈ پر پیش آیا۔ اہل خانہ سے پروفیسر کی گلبرگ میں موجودگی بارے پوچھا جا رہا ہے، جلد ملزموں تک پہنچ جائیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
پروفیسر قتل