میگا پراجیکٹس کی وجہ سے مخالفین کو سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے: شہباز شریف
لاہور+ قصور+ پھولنگر (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے حکومت پنجاب کی ترجیحات میں اولین ہیں۔ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس پروگرام سے کروڑوں لوگوں کی زندگیاں جڑی ہیں۔ تمام تر صلاحیتیں اور ممکنہ وسائل عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے صرف کر رہا ہوں۔ تمام ہسپتالوں میں اعلیٰ ترین ادویات، جدید طبی آلات اور بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں جلد ہاسپٹل ویسٹ سسٹم لا رہے ہیں۔ خلق خدا کے لئے دن رات محنت کرنے والے سرکاری افسروں اور ملازمین کو سلام پیش کرتا ہوں لیکن کسی بھی سطح پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کوتاہی اور لاپروائی کا رویہ قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔ عوامی خدمت پر مامور ہر شخص کو اپنی ذمہ داری سے متعلق جواب دینا ہو گا۔ صوبائی وزرا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کے میگا پراجیکٹس کی وجہ سے مخالفین کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔ عوام کے لئے بہت جلد لوڈ شیڈنگ ماضی کی یاد بن کر رہ جائے گی۔ شہباز شریف چین کے قونصلیٹ گئے اور چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،پاک چین تعلقات کے فروغ اورسی پیک کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نے چین کے نئے سال کی آمد پر چینی قونصل جنرل صدرشی جن پنگ، وزیراعظم، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی قیادت اورچینی عوام کو کو مبارکباد دی۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ شہباز شریف نے منصوبوں کو حیران کن رفتار سے مکمل کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے او رشہباز شریف نے اپنی محنت اورویژن سے پاکستان کیلئے مثالی کردارادا کیا ہے۔ شہباز شریف کی پرعزم قیادت کے باعث صوبہ پنجاب میں ترقی کے نئے معیار قائم ہوئے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مضبوط معاشی تعاون میں بدل چکی ہے اورموجودہ دور میں دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ ہمارے دوست سی پیک سے بے حد خوش ہیں۔ دشمن کو اس عظیم الشان منصوبے سے تکلیف ہے۔ کوئی سازش سی پیک کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی۔ وزیراعلیٰ سے ترکی پاکستان بزنس کونسل لاہور کے چیئرمین عتیلہ ڈی یرلیکایا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صحت اور دیگر شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے پھولنگر لمبے جاگیر میں رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات خان کی رہائشگاہ جا کر رانا محمد حیات خان اور رانا محمد اسحاق خان کے والد، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان کے چچا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔