حکومت مدت پوری کرے گی، ایک بھی دن پہلے اقتدار نہیں چھوڑیں گے: شاہد خاقان

15 فروری 2018
حکومت مدت پوری کرے گی، ایک بھی دن پہلے اقتدار نہیں چھوڑیں گے: شاہد خاقان

کلر سیداں (اکرام الحق قریشی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی مقررہ مدت پوری کرے گی، ایک دن قبل بھی اقتدار نہیں چھوڑیں گے۔ جولائی میں عام انتخابات ہوں گے۔ آئندہ الیکشن نواز شریف کی قیادت میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے اور عوامی قوت کی حمایت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وزیر اعظم ہائوس میں حلقہ پی پی 2کلر سیداں اور کہوٹہ کے بلدیاتی چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بلدیاتی چیئرمینوں کے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے جلد حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی دی مسلم لیگ ن نے جب اقتدار سنبھالا تھا تو ملک میں دہشتگردی اور انرجی بحران نے سنگین صورتحال اختیار کر رکھی تھی ہم نے دن رات محنت کی اور قوم کو بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی، مسئلے کے مستقل حل کے لیے نئے بجلی گھر قائم کئے گئے، دہشت گردوں کی کمر توڑی گئی، کراچی کی روشنیاں بحال کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صرف اس وقت ترقی ہوتی ہے جب مسلم لیگ اقتدار میں آتی ہے۔