کشمیر ایمان کا حصہ‘ ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے: سردار مسعود خان

15 فروری 2018

اسلام آباد (این این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیر ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ یہ ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ اگرچہ کشمیر لہو لہان ہے اور ہندوستانی مظالم حد سے زیادہ بڑھ چکے ہیں لیکن کشمیریوں کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ وہ پوری ہمت اور جذبے سے اپنی حق خودارادیت کے حصول کی تحریک کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے عزم اور حوصلے میں کوئی لغزش نہیں آئی ۔ ہم حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج مقبوضہ کشمیر سے آئے ہوئے حریت کانفرنس کے رہنمائوں کے ایک وفد سے ایوان صدر کشمیر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا ہے۔ وفد کی قیادت حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء و چیئرمین جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ ظفراکبر بٹ کررہے تھے۔ صدر آزاد کشمیر نے کشمیری رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مغربی دنیا ہندوستان سے معاشی اور تجارتی معاہدوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر مصلحت کا شکار ہے۔ وہ سچ کو سچ کہنے کے بجائے اور ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر کے نہتے لوگوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم رکھے جانے سے روکنے اور باز رکھنے سے قاصر ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آج ہندوستان امریکہ اور مغربی دنیا کو یہ جھانسہ دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ چین کا راستہ روک رہا ہے ۔ حالانکہ یہ یکسر مکاری اور فریب کاری ہے۔ صدر نے کہا کہ ابھی حال ہی میں ایک سابق ہندوستانی وزیر چندھم برھم اور منی شنکرآیار نے بھی مودی کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کو اپنی کشمیر پالیسی ترک کرنی ہوگی اور کشمیریوں سے مذاکرات کرنے ہونگے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں مزید اتحادو اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد نے صدرآزاد کشمیر سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں صورتحال بگڑ رہی ہے ۔ گھروں اور پوری پوری بستیوں کو جلایا جاتا ہے۔ خواتین پر بھی مظالم ڈھائے جا رہے ہیں ان کی آبروریزی کی جاتی ہے۔ لیکن ان سب مظالم کے باوجود کشمیر کے لوگ آزادی کی جدوجہد کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔