ایم ایم اے میں اختلافات‘ عہدیداروں کے چنائو کیلئے آج ہونیوالا اجلاس ملتوی

15 فروری 2018

اسلام آباد (آن لائن) متحدہ مجلس عمل کی جماعتوں میں اختلاف کے باعث ایم ا یم اے کے عہدیداروں کے فیصلے بارے میں آج (جمعرات) کو اسلام آباد میں ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) حکومتوں سے علیحدگی کے مطالبے پر ڈٹ گئے۔ متحدہ مجلس عمل میں 5دینی جماعتیں شامل ہیں جن میں جمعیت علماء اسلام (ف) جماعت اسلامی جماعت مرکزی جمعیت الحدیث اور جی یو پی نورانی سمیت تحریک اسلامی شامل ہے جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی میں اختلاف سامنے آیا ہے کہ جماعت اسلامی خود بھی خیبرپی کے میں پی ٹی آئی حکومت سے علیحدہ ہوکر ایم ایم اے کے عہدیداروں کا انتخابات کرنا چاہتی ہے اور جے یو آئی (ف) سے بھی یہی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بھی وفاق سے علیحدہ ہوں لیکن مولانا فضل الرحمان ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی سیٹ اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں اور 3مارچ کے سینٹ الیکشن کے بعد ہی وفاقی حکومت سے علیحدہ ہونا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے آج اسلام آباد میں ایم ایم اے کا ہونے والا اہم اجلاس ملتوی کردیا گیا ۔