فیصل آباد : سوائن فلو میں مبتلا لڑکی جان کی بازی ہار گئی ،جڑانوالہ : 50 دن کے بچے سمیت 6 افراد میں انفلوئنزا اور چکن پاکس کی تصدیق، ملتان میں 4 نئے کیس

15 فروری 2018

فیصل آباد+ جڑانوالہ+ ملتان (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+صباح نیوز) گزشتہ روز سوائن فلو کے مرض میں مبتلا جواں سال لڑکی جسے ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، انتقال کر گئی جوکہ شیخوپورہ روڈ حاجی آباد کی رہائشی تھی۔ دریں اثناء جڑانوالہ میں 50دن کے بچے کو سوائن فلو سمیت چکن پاکس کے چھ مر یضوں کی تصدیق ہو گئی انہیں فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔محلہ مسلم ٹائون کے ریاض کے 50 دن کے بچے حسین کوطبیعت خراب ہو نے پرسول ہسپتال لا یا گیا یہاںبچے کے ٹیسٹ کر نے کے بعد سوائن فلو کے وائرس تصدیق کی گئی جبکہ ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر سہیل طارق کے مطابق گزشتہ چند روز میں چکن پاکس کے چھ مر یض ہسپتال لائے گئے ہیں جن کی تعداد بڑھ کر 128ہو گئی ہے اور ان تمام مر یضوں کو طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑانوالہ سے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔ڈاکٹر سہیل طارق نے بتایا کہ پولیو کے علاوہ اب تک چکن پاکس کے15سوا فراد کو ویکسین دی جا چکی ہے تاہم جڑانوالہ میںسوئن فلو کا پہلا مر یض ہے جس کی تصدیق ہوئی ہے ۔صباح نیوز کے مطابق ملتان کے نشتر ہسپتال میں سوائن فلو کے شبہ میں4 نئے کیسز سامنے آگئے۔ چاروں مریضوں میں انفلوئنزا کی تصدیق کیلئے رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔ ترجمان محکمہ صحت ملتان ڈاکٹر عطا الرحمن کے مطابق نشتر ہسپتال میں انفلوئنزا کے مزید 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان مریضوں میں 3 خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔