پاکستان کی امداد سے القاعدہ اور داعش کو شکست دینے میں مدد ملے گی: امریکہ

15 فروری 2018

واشنگٹن(آن لائن)ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس سے کہا ہے کہ وہ آئندہ مالی سال کیلئے پاکستان کی سول اور عسکری امداد کیلئے 33 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی امداد منظور کرے کیونکہ اس تجویز کردہ فوجی امداد سے القاعدہ اور عسکریت پسند گروپ داعش (آئی ایس) کو شکست دینے میں مدد حاصل ہوگی۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بد ھ کو صدر ٹرمپ انتظامیہ کی جانب کانگریس کو پیش کردہ تجویز میں کہاگیا کہ آئندہ مالی سال بجٹ پاکستان کی سول اور عسکری امداد کیلئے 33کروڑ60لاکھ ڈالر کی امداد منظور کی جائے۔ تجویز کردہ امداد گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک کروڑ ڈالر کم ہے جبکہ دفاعی امداد کا تعلق اسلام آباد کی جانب سے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کی مبینہ محفوظ پناہ گاہوں کیخلاف کارروائی سے مشروط ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے زور دیا کہ ان صلاحیتوں سے قبائلی علاقوں سمیت افغان سرحد پر سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔