نواز شریف کی قیادت میں عوامی حمایت سے الیکشن جیتیں گے : وزیراعظم

15 فروری 2018

کلر سیداں(نامہ نگار) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی مقررہ مدت پوری کرے گی ایک دن قبل بھی اقتدار نہیں چھوڑیں گے، جولائی میں عام انتخابات ہوں گے آئندہ الیکشن نواز شریف کی قیادت میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے اور عوامی قوت کی حمایت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وزیر اعظم ہائوس میں حلقہ پی پی 2کلر سیداں اور کہوٹہ کے بلدیاتی چیئر مینوں ،وائس چیئر مینوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے نئے ضلعے کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئے ضلعے کے قیام کا مقصد لوگوں کے مسائل میں اضافہ نہیں کمی لانا ہے ۔اس بارے میں پائے جانے والے خدشات بے بنیاد ہیں کوئی بھی فیصلہ مشاورت کے بغیر نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے کام کی تکمیل کے بعد نئے ضلعے کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور لوگوں کی سہولت کے لیے اس ضلعے کا ہیڈ کواٹر راولپنڈی شہر میں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی دی مسلم لیگ ن نے جب اقتدار سنبھالا تھا تو ملک میں دہشتگردی اور انرجی بحران نے سنگین صورتحال اختیار کر رکھی تھی ہم نے دن رات محنت کی اور قوم کو بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی مسئلے کے مستقل حل کے لیے نئے بجلی گھر قائم کیئے گئے دہشتگردوں کی کمر توڑی گئی کراچی کی روشنیاں بحال کی ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں صرف اس وقت ترقی ہوتی ہے جب مسلم لیگ اقتدار میں آتی ہے ۔ہم نے پانچ برس میں قوم کی صیحح معنوں میں خدمت کی ،انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی مقررہ مدت پوری کرے گی ۔نئے انتخابات جولائی میں ہوں گے مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں اپنی کارکردگی کی بنیا د پر الیکشن میں حصہ لے گی اور عوامی قوت سے انتخابات میں ایک بار پھر بھاری کامیابی حاصل کرے گی ۔
وزیر اعظم