زکریا یونیورسٹی ‘ سکیورٹی سٹاف کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری

15 فروری 2018


ملتان (نمائندہ نوائے وقت) زکریا یونیورسٹی کے سکیورٹی سٹاف کے لئے نئے ایس او پیز جاری کردئے گئے جس میں سکیورٹی گارڈز کو پہلی مرتبہ ہدایات جاری کی گئی کہ وہ ڈیوٹی شیڈول کے مطابق اپنے پوائنٹس پر چوکس اور الرٹ ہوکرڈیوٹی دیں اور ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے سے پہلے مقام ڈیوٹی نہیں چھوڑیں کسی بھی مقام پر 2,2یا3,3سکیورٹی گارڈز کھڑے نہیں ہوں۔موبائل سکواڈ کیلئے علاقے مختص کردیئے گئے ہیں وہ اس ایریا میں گشت کریں۔کوئی بھی سکیورٹی گارڈ اپنے مخصوص ڈیوٹی پوائنٹ کی بجائے کسی اور جگہ پایاگیاتو غیر حاضر تصور ہوگا اور اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ڈیوٹی اوقات کے دوران سگریٹ نوشی بلاوجہ موبائل کا استعمال یا موبائل پر گانے وغیرہ سننے پر پابندی عائد کردی گئی۔ گرلز وبوائز ہاسٹلز کے سکیورٹی گارڈز کو ایک ہاسٹل کے اندر اور ایک باہر ڈیوٹی دینے کا پابند کیا گیا ہے۔انہیں وائرلیس سیٹ بھی مہیا کردیئے گئے ہیں تاکہ سکیورٹی کے مین کنٹرول روم سے بذریعہ وائرلس فوری رابطہ کرسکیں۔ سکیورٹی دالا کے ڈرائیور کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ چار دیواری، کیمپس میں پٹرولنگ کے علاوہ نماز عصر کے بعد گرلز ہاسٹلز روڈ پر اور نمازمغرب،عشاء، فجر کے دوران سٹاف کالونی اور مساجد کی طرف جانے والے لنک روڈ پر گشت کریں۔
ہدایت نامہ