علی ترین کوشکست گنا کاشتکاروں کے استحصال کی وجہ سے ہوئی، رحمت وردگ

15 فروری 2018

کراچی(نیوز رپورٹر)تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ علی ترین کو شکست گنا کاشتکاروں کا استحصال کرنیکی وجہ سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی سال بھر کی محنت کا صلہ نہیں مل رہا اور جہانگیر ترین گنا 162روپے من لیکر اسکی ادائیگی بھی نہیں کر رہے اور گنا کاشتکار پریشان ہیں کہ یہی حالات رہے تو انکی فصل کھیتوں میں کھڑی تباہ ہوجائیگی۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے سپریم کورٹ میں وعدہ کیا تھا کہ وہ 3شوگرملوں کے علاقے کا گنا خریدیں گے لیکن گھوٹکی سندھ سے چنی گوٹھ اور ہیڈپنجنند تک گنے کے ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی قطاریں لگی ہیں جس سے قومی شاہراہ پر مسلسل بدترین ٹریفک جام رہتا ہے اور سفر کرنے والی عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروںنے اس علاقے میں اس لئے گنا کاشت کیا تھا کیونکہ یہاں کثیر شوگرملیں تھیں اور گنے کی فصل 3 سال کے لئے ہوتی ہے جبکہ جہانگیر ترین نے تمام گنا خریدنے کا وعدہ کرکے سپریم کورٹ سے 3 شوگرملوں کی بندش کرادی لیکن اب گنے کے کاشتکار شدید پریشان ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام کے خاتمے‘ گنے کے کاشکاروں کو انکی محنت کا مناسب حق دلانے کے لئے ضروری ہے کہ سپریم کورٹ 3 شوگرملوں کی بندش کے فیصلے پر نظرثانی کرے اور ان شوگر ملوں کو 2 سال کے لئے کریشنگ کی مشروط اجازت دی جائے ۔
رحمت وردگ