سیکیورٹی فورسز جوانمردی سے دہشتگردی کیخلاف لڑ رہی ہیں ،بلاول

15 فروری 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے چار سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہارکیاہے۔انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز جوانمردی سے دہشتگردی کے خلاف لڑ رہی ہیں۔شہدا کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیگی۔ ہماری قوم اور مسلح افواج ملکر دہشتگردی کو شکست دینگے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہاکہ خواتین اور بچیوں کے خلاف گھنائونے جرائم ناقابل معافی ہیں ۔معصوم بچیوں کے خلاف تشدد اور استحصال برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے حکومت سندھ کو ہدایت کی کہ وہ خواتین و بچیوں کے خلاف جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت پالیسی اختیار کرے۔ طیبہ راھموں اور روزینہ ملاح کے متعلق میڈیا رپورٹس پڑھ کر بہت دکھ ہوا ہے۔ مذکورہ کیسز میں نامزد ملزمان فی الفور گرفتار کرکے قانون کے تحت سزا دی جائے۔دریں اثناء روسی ٹیلیویڑن کو واشنگٹن میں انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امریکہ جاننا ہی نہیں چاہتا کہ افغانستان میں کیا ہورہا ہے۔افغانستان کے 75% علاقے دہشتگردی سے متاثر ہیں جبکہ 45% پر افغان حکومت کا کنٹرول ہی نہیں ہے۔ افغانستان مین امن لانے کے لئے امریکہ کو اپنی شکست تسلیم کرنا ہوگی۔ افغانستان مین امن کی قیادت افغانستان کو کرنے دی جائے ۔شام میں امن اور استحکام کے لیے شامی عوام کو فیصلے کرنے دیے جائیں۔ مجھے خوشی ہے کہ روس سے پاکستان کے دوستانہ تعلقات قائم ہورہے ہیں۔
بلاول بھٹوزرداری