لیبیا کشتی حادثہ میں جاں بحق گیارہ پاکستانیوں کی میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئیں
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ جنرل رپورٹر)لیبیا میں کشتی الٹنے کے حادثہ میں جاں بحق گیارہ پاکستانیوں کی میتیں سعودی ائر لائن کی پرواز کے ذریعے بدھ کو بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائرپورٹ اسلام آباد پہنچا دی گئیں یہ نعشیں جدہ سے پرواز نمبرSV - 722 کے ذریعے لائی گئیں پرواز کی آمد کا شیڈول تین بجکر50 منٹ تھا متوفین کے لواحقین بھی ائرپورٹ پہنچ گئے جبکہ ائرپورٹ انتظامیہ نے مین گیٹ پر سیکیورٹی بڑھا دی تھی جس سے متوفین کے لواحقین کو مشکلات درپیش رہیں متوفین کے ورثاء دھاڑیں مار کر روتے ہوئے اپنے پیاروں کی میتیں وصول کرنے گئے جاں بحق پاکستانیوں کا تعلق راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان ، گجرات ، منڈی بہائولدین،سرگودھا اور دیگر علاقوں سے تھا ائرپورٹ پر ورثاء کی جانب سے ایک خاتون سمیت دیگر دس میتوں کی شناخت کے عمل کے بعد ضابطے کی کارروائی کے بعد میتیں ورثاء کے سپرد کی گئیں، امیگریشن حکام اس موقع پرمیتوں کی شناخت میں مدد کیلئے موجود رہے امیگریشن حکام نے منڈی بہائولدین کے متوفی اکرام الحق ولدعظمت اللہ ، ولید اکرم ولد محمد اکرم سکنہ گجرات ، مرزا غلام فرید ولد مرزا غلام نبی سکنہ گوجر خان ، تنزیل الرحمن ولد محمد یونس سکنہ سیالکوٹ ، محمد عزیز ولد عبدالرحمٰن سکنہ سرگودھا ،لقمان علی ولد شوکت علی سکنہ گجرات ، کاشف جمیل ولد محمد جمیل سکنہ گجرات ، عظمت بی بی زوجہ محمد اسمعٰیل سکنہ گجرات ، مظہر حسین ولد ممتاز حسین سکنہ گجرات ، فرحان علی ولد محمد شریف سکنہ گجرات اور محمد قاسم ولد محمد امجد سکنہ منڈی بہائوالدین کی میتیں ورثاء کے حوالے کی گئیں جو میتیں لے کر آبائی علاقوں کو روانہ ہوگئے ۔ دریں اثناء بینظیر انٹر نیشنل ائرپورٹ پر لیبیاحادثہ پر وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر کرائسز سیل شوذب عباس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ نے انٹر نیشنل ٹریولنگ سے لے کر ایمبو لینس تک کے اخراجات ادا کئے باقی نعشیں ایک ہفتے تک پاکستان پہنچا دی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی سمگلنگ روکیں آج کل یورپ میں بھی لوگ جاکر دھکے کھاتے ہیں جبکہ اپنے جانے پر وہ لاکھوں روپے خرچ کرتے ہیں جو انسانی سمگلنگ کے پیچھے ہیں ان کو سزائیں ملنی چاہئیں جو تصورات میں یورپ کو جنت کا حصہ سمجھتے ہیں ان کے تصورات میں بہتری لانے کیلئے تعلیمی نصاب بہتر کرنا چاہئے بہتر مواقع فراہم ہوں تاکہ شہری قانونی طریقے سے باہر جائیں۔
لیبیا کشتی حادثہ