سینیٹ انتخابات کو دولت کا کھیل بنانا شرمناک ہے: سراج الحق

15 فروری 2018

اسلام آباد (ا وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سینیٹ کے انتخابات کو دولت کا کھیل بنادیا گیاہے اور ارکان اسمبلی کی منڈی میں جانوروں کی طر ح بڑھ چڑھ کر بولیاں لگائی جارہی ہیں ، یہ انتہائی شرمناک اور ایوان بالا کی توہین کے مترادف ہے ۔ ہر سطح کے الیکشن کو صاف شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کے پاس غیر معمولی اختیارات ہیں مگر الیکشن کمیشن اپنے ان اختیارات کو استعمال کرتاہے اور نہ ہی اپنے بنائے ہوئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی طرف توجہ دیتاہے جب تک انتخابی نظام درست نہیں ہوتا ، عوام کی حقیقی قیادت سامنے نہیں آسکتی ۔ الیکشن کمیشن 2018 ء کے انتخابات سے قبل انتخابی نظام کی درستگی اور اصلاحات کے نفاذ کی طرف توجہ دے ۔ ۔ وہ بدھ کو سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہاکہ عوام کو آئندہ انتخابات میں ایسے لوگوں کا محاسبہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ جن لوگوں پر کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں ، جن کے پانامہ لیکس ، دبئی اور لندن لیکس میں نام ہیں یا جنہوں نے بنکوں سے قرضے لے کر واپس نہیں کیے ، جب تک عدالتیں انہیں کلیئر نہ کریں الیکشن کمیشن انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دے ۔ اگر یہی کرپٹ ٹولہ قومی اداروں پر دوبارہ مسلط ہوگیا تو رہی سہی کسر بھی نکال دے گا اور جن قومی اداروں میں زندگی کی کوئی رمق موجود ہے ، ان کا بھی بیڑا غرق کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں پیسے کا استعمال باعث شرم ہے ۔ سیاسی جماعتیں اپنے اندر سے ایسی کالی بھیڑوں کو نکال باہر کریں جو دولت کے بل بوتے پر لوگوں کے ضمیر کا سودا کرتی ہیں ۔ سیاسی جماعتوں کو نظر رکھنی چاہیے کہ وہ کن لوگوں کو ٹکٹ دے رہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن اب یہ بہانہ نہیں بنا سکتاکہ اس کے پاس اختیار نہیں، الیکشن کمیشن کو تمام اختیارات حاصل ہیں لیکن وہ اربوں کھربوں میں کھیلنے والے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی دبائو میں آ کر مصلحت اختیار کر لینا مسائل کا حل نہیں بلکہ مسائل کو مزید گھمبیر بناتاہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سیاست مخلوق خدا کی خدمت کا نام اور انبیاء کا شیوہ ہے مگر افسوس کہ اس وقت سیاست کو جھوٹ فریب اور دھوکے کا نام دے دیا گیا ہے اور سیاست کے نام پر عوام سے دھوکہ اور فراڈ کرنا سیاستدان اپنی اہلیت اور بہترین کارکردگی سمجھتے ہیں ۔
سراج الحق