قومی کرکٹر عثمان صلاح الدین رشتہ ازدواج سے منسلک

15 فروری 2018

لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کے ابھر تے ہوئے نوجوان کرکٹر عثمان صلاح الدین بھی رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی تقریب میں عثمان صلاح الدین کا نکاح صبا عارف سے انجام پایا۔ اس موقع پر دلہا اور دولہن کے عزیز و اقارب کے علاوہ سابق کپتان محمد حفیظ، ٹیسٹ کرکٹر بابر اعظم، ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد اور امام الحق نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں پی سی بی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے نذیر احمد اور لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے آفیشلز بھی شریک ہوئے۔ عثمان صلاح الدین کے والد رانا صلاح الدین کا کہنا تھا کہ آج صرف نکاح کی تقریب منعقد ہوئی ہے جبکہ شادی کی تقریب رواں سال کے آخر میں دھوم دھام سے ہوگی جس میں بڑی تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا۔