فاروق ستار کو منانے کی کوششیں ‘ سردار احمد رہائش گاہ پہنچ گئے

15 فروری 2018

کراچی ( خصوصی رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو کنونیئر کے عہدے سے فارغ کردیا لیکن منانے کی کوششیں ترک نہیں کیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما سید سردار احمد فارغ کردہ کنونیئر فاروق ستار کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور ملاقات کے بعد کہا کہ فاروق ستار کی واپسی کا اللہ جانے، ہم کوشش کرتے ہیں، امید پر دنیا قائم ہے۔ فاروق ستار نے سردار احمد کی آمد پر کہا کہ وہ صورتحال پر پریشانی کا اظہار کرنے آئے تھے، سردار صاحب کو بھی امید ہے انشاء اللہ معاملات صحیح ہوجائیں گے۔ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا کہ فاروق ستار اب پارٹی کے کنونیئر نہیں، تنظیمی الیکشن کرانا کنوینر کی ذمہ داری ہے تاہم فاروق ستار کو منانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاروق ستارکو منانے کے لئے ہم پوری جماعت لے کر گئے تھے، جاتے رہے ہیں اور جائیں گے، ہم انفرادی طور پر بھی ان کے پاس جارہے ہیں۔ کنور نوید جمیل نے یہ بھی کہا کہ فاروق ستار سے کہا تھا سینٹ کی 4 نشستوں پرپارٹی نہیں توڑیں گے۔
فاروق ستار/کوششیں