تحریک انصاف اسٹیل مل ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے‘ فردوس شمیم نقوی

15 فروری 2018

کراچی (نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو شہریوں کی تکلیف کا کوئی خیال نہیں۔ سب حکمران اپنی اپنی عیاشیوں میں لگے ہوئے ہیں اور مسلسل شہریوں کے حقوق مجروح کیے جا رہے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پی ٹی آئی کے سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں اسٹیل ملز لیبر یونین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ کراچی پاکستان کا صنعتی گڑھ ہے تو اسٹیل مل بھی اس کی اہم اور بڑی صنعتوں میں سے ایک ہے ہم ابھی پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو تنخواہوں کے نہ ملنے پر پریشان تھے‘ اب اسٹیل ٹائون کو گیس کی فراہمی بھی بند کردی گئی ہے‘ حکومت کیا چاہتی ہے؟ کیا اسٹیل مل کے ملازمین انسان نہیں ہیں؟ اسٹیل ٹائون میں چالیس پچاس ہزار کے قریب افراد رہائش پذیر ہیں انہیں بنیادی حقوق سے بھی محروم کیا جارہا ہے لوگ وہاں صرف رہتے نہیں ہیں بلکہ انہیں فراہم کی جانے والی صحت ‘ تعلیم اور دیگر سہولیات بھی جو براہِ راست یا بالواسطہ طور پر گیس کی فراہمی سے منسلک ہیں‘ متاثر ہو رہی ہیں۔