ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر کوچز سے رپورٹ طلب
لاہور/اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی بدترین کارکردگی پر تمام کوچز سے رپورٹ طلب کرلی۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق قومی خواتین ٹیم کے ہیڈکوچ محتشم رشید اور بیٹنگ کوچ باسط علی کی رپورٹ ملنے کے بعد پی سی بی کے حکام ٹیم انتظامیہ کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ باسط علی نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان ٹیم کا فٹنس لیول توقعات کے مطابق نہیں ہے۔ کھلاڑیوں کی فٹنس کو بہتر کرنے اور ان کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے پی سی بی کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے میچوں کا اہتمام کرنا ہوگا۔ موجودہ پاکستانی ٹیم میں اکثریت ایسی ہے جس نے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔