بلوچستان پاکستان کا مضبوط بازو ہے‘ کسی کو اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنے دینگے : رحمن ملک
اسلام آباد (اے این این) وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کسی کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ امریکی کانگرس کی طرف سے بلوچستان کا معاملہ اٹھانے پر سخت احتجاج کیا ہے۔ ملکی سالمیت کیخلاف کام کرنیوالے عناصر کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لاکھوں قربانیاں دیں، پہاڑوں میں بسنے والے نیچے آجائیں اور ملکی سالمیت کیلئے کام کریں۔ عبدالغفور حیدری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندرونی معاملات میں کسی ملک کو مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ امریکی کانگرس کی طرف سے بلوچستان کے حوالے سے قرارداد پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔ اس حوالے سے وزارت خارجہ نے امریکی سفیروں کو بلا کر سخت احتجاج کیا ہے اور واشنگٹن میں بھی پاکستانی سفیروں کو کہا گیا ہے کہ وہاں پر اس معاملے کو اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو سمجھنا چاہئے کہ ہم ایک جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ ملک کے ہر حصے میں پھیلی ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں اس طرح کی باتیں کرنا جن سے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہو، یہ درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے امن اور بلوچستان کی سالمیت کیخلاف اور بلوچستان میں افراتفری پھیلا رہے ہیں انکے حق میں کوئی ایسی بات کی جائے تو یہ پاکستانی حکومت کی حمایت میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کی جنگ میں لاکھوں قربانیاں دے چکے ہیں۔ امید ہے امریکہ اس جنگ میں اور اس مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیگا بلکہ ہماری مدد کریگا۔ ان لوگوں کیخلاف جو افراتفری پھیلانے والوں کو اسلحہ دے رہے ہیں انکو پیسے دے رہے ہیں۔ انکو بے نقاب کرنے کیلئے ہمارے دوست ہماری مدد کرینگے۔ ہم نے یہ مدد پوری دنیا سے مانگی ہے کہ جو لوگ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں انکو سامنے لانے کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت نے بلوچستان میں بہت سارے کام کئے ہیں۔ آغاز حقوق بلوچستان کیلئے جتنا بھی کام ہوا اس پر عملدرآمد بھی ہورہا ہے۔ بلوچستان کے حوالے سے کئے گئے کاموں کو عوام کے سامنے لانے کیلئے تشہیری مہم شروع کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ اور آغاز حقوق بلوچستان کے تحت بلوچستان کو سب سے زیادہ فنڈ ملے ہیں۔ ترقی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو آنیوالے دنوں میں بلوچستان دبئی کی طرز کا ہوجائیگا۔ بلوچستان میں کسی چیز کی کمی نہیں وہاں معدنیات ہیں، ریگستان ہیں، ہم سب ملکر بلوچستان میں حالات کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھا سکتے ہیں اور وہ لوگ جو بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کرنا چاہتے ہیں، انکے عزائم ناکام بنا دئیے جائینگے۔ بلوچستان پاکستان کا حصہ اور مضبوط بازو ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال ہورہے ہیں انکو قوم کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑوں پر بسنے والے نیچے اتر آئیں اور پاکستان کی سالمیت کیلئے کام کریں اور دوسروں کے ہاتھوں میں مت کھیلیں۔ آئیں اور پاکستان کی بقاءکیلئے کام کریں۔ آپ کیلئے پاکستان میں بے شمار مواقع ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ آغاز حقوق بلوچستان پیکج پر 85 کام مکمل ہوچکا ہے۔
رحمن ملک/ بلوچستان
رحمن ملک/ بلوچستان