بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری سے بٹل ناطر میں خوف و ہراس

15 فروری 2010
تتہ پانی (نامہ نگار) سرحدی گاﺅں بٹل ناطر میں بھارتی افواج کی بلااشتعال گولہ باری و فائرنگ، لوگ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاعات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بھارتی افواج نے سرحدی گاﺅں بٹل ناطر پر بغیر کسی خلاف ورزی کے گولہ باری اور فائرنگ شروع کردی اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ جس سے علاقہ میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر ایل او سی پر بسنے والے افراد اور مقامی سیاسی وسماجی رہنماوں نے بھارت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے گولہ باری و فائرنگ کے واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور کہاکہ ایک طرف بھارت مذاکرات کرنے کے لئے کہہ رہا ہے دوسری طرف بھارتی افواج کی جارحیت سمجھ سے بالاتر ہے عالمی برادری کو اس کی جارحانہ اور ظالمانہ کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔