پیپلز پارٹی کے کارکن مظاہروں‘ پتلے جلانے اور اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں : زرداری

15 فروری 2010
اسلام آباد (جی این آئی) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مضبوط جماعت ہے اور جمہوری روایات قائم رہینگی۔ پیپلز پارٹی کے کارکن مشتعل نہ ہوں اور حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ۔ صدر زرداری نے نواز شریف کی پریس کانفرنس کے بعد پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر رانا آفتاب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تو رانا آفتاب نے پیپلز پارٹی کے مسلم لیگ ن کے خلاف مظاہرے اور نواز شریف کا پتلا جلائے جانے کا ذکر کیا جس پر آصف زرداری نے کہا کہ میاں نواز شریف کا پتلا نہ جلایا جائے۔ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے لہذا اشتعال انگیز بیانات اور مظاہروں سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن جمہوریت کو مضبوط کریں اور کوئی بھی ایسا اقدام نہ کریں جس سے دوسری پارٹیوں کی دل آزاری ہو۔