مشاورت مکمل‘ ہائی کمشنر شاہد ملک آج نئی دہلی واپس روانہ ہونگے

15 فروری 2010
اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) بھارت میں متعین پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک ضروری مشاورت کے بعد آج پیر کے روز نئی دہلی واپس روانہ ہو رہے ہیں جبکہ دوسری جانب پاکستان کی وزارت خارجہ نے رواں ماہ کے آخری ہفتے کے دوران بھارت کے ساتھ خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات کی تیاری شروع کر دی ہے جس میں جامع مذاکرات کی بحالی کی کوشش کو اولیت حاصل ہو گی۔ پاکستان کی اس پرجوش سرگرمی کے برعکس پاک بھارت تعلقات کے محرکات پر نظر رکھنے والے بعض سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی پہلی ہی ملاقات میں جامع مذاکرات بحال کرنے پر آمادہ نہیں ہو گا۔ پاکستان کے اندر نیا بنتا ہوا سیاسی منظرنامہ اور غیر مستحکم صورتحال بھی وہ پیش نظر رکھے گا۔ پاکستان کی جانب سے خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر بات چیت کی بھارتی پیشکش قبول کرنے کا اعلان ہوتے ہی بھارتی شہر پونا میں بم حملے نے سب کے کان کھڑے کر دئے ہیں۔ مذکورہ سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی اس واردات سے پاکستان کے اس م¶قف کو بھی تقویت ملتی ہے کہ کچھ قوتیں پاک بھارت مذاکرات نہیں ہونے دینا چاہتیں۔