ہر انسانی جان عزیز ہے‘ گردے کے مریضوں کیلئے ڈائیلسز مشینیں بذریعہ ہوائی جہاز منگوائیں : شہبازشریف
لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عام آدمی کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے‘ صحت مند معاشرہ ہی ملک کی تیزرفتار ترقی و خوشحالی کا ضامن ہوتا ہے اور طبی شعبے کی اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت نے اسے اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وہ طبی شعبے کی بہتری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے کی تیزرفتار ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور تعلیمی و طبی شعبے کی بہتری کے لئے ایسے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں جن کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا صوبے بھر میں نہ صرف ڈائیلسز کی سہولت اور ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے بلکہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں اربوں روپے کی لاگت سے ایئرکنڈیشنرز اور جنریٹرز نصب کئے گئے ہیں تاکہ گرمی کی حدت میں زیر علاج غریب اور عام آدمی کو یہ احساس ہو کہ ان کا بھی ملک کی اشرافیہ کی طرح ایسی سہولتوں پر حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کو فوری علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ڈائیلسز مشینیں بذریعہ ہوائی جہاز منگوائی ہیں کیونکہ مجھے ایک ایک انسانی جان بے حد عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اسی وقت بہتری آ سکتی ہے جب اس شعبے سے وابستہ افراد اپنے فرائص محنت ‘ ایمانداری اور احساس ذمہ داری سے سرانجام دیں۔ اجلاس میں طبی شعبے کی بہتری کے لئے متعدد نئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔