عوام کی خوشیوں کے لیے سیاسی جماعتوں کو ملکر کردار ادا کرناہو گا: جہانگیر بدر

15 فروری 2010
لاہور (سپورٹس رپورٹر) عوام کی خوشیوں کیلئے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا، ایسا نہ کیا گیا تو پاکستان کی سلامتی، مضبوطی اور خوشحالی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ پیدا ہو جائیگی۔ عمران خان جتنی مرضی تحریکیں چلا لیں پاکستان پیپلز پارٹی خود تحریکوں میں پلی بڑھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر نے لاہور پولو کلب میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ جہانگیر بدر نے کہا عمران خان آج جمہوریت کو چیلنج کر رہے ہیں ماضی میں وہ خود پرویز مشرف کے پولنگ ایجنٹ رہے ہیں اور الیکشن سے بھاگ گئے تھے۔ مجھے ان کے بیان سے دکھ ہوا میرا تو ذاتی خیال تھا کہ عمران خان مستقبل میں کسی مقام پر پاکستانی قوم کی رہنمائی کریگا لیکن شاید ایسا نہیں ہوگا۔ جہانگیر بدر نے کہا جمہوریت میں اصل طاقت عوام کے پاس ہوتی ہے اور وہ بہتر جانتے ہیں کہ سیاسی جماعتیں کس حد تک اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ بسنت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سینیٹر جہانگیر بدر نے کہا عدالتیں پہلے ہی اس بارے میں اپنا فیصلہ سنا چکی ہیں کہ انہوں نے بسنت پر پابندی نہیں لگائی صرف دھاتی ڈور پر پابندی لگائی ہے اب معاملہ پنجاب حکومت کے کورٹ میں ہے کہ وہ اس پر کیا فیصلہ کرتی ہے۔