پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں: حسین حقانی

15 فروری 2010
لاہور (خبرنگار خصوصی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری عمل کی مضبوطی کا خواہاں ہے۔ پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں اور کیری لوگر بل کے ذریعہ ڈیڑھ ارب ڈالرز کی کیری لوگر امداد بھی جمہوری سسٹم سے مشروط ہے۔ گذشتہ رات گورنر ہاﺅس لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حسین حقانی نے کہا کہ افغانستان میں ہونے والی امریکی پیش رفت سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ اس کا حصہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کا مسئلہ بڑا گھمبیر ہے تاہم اس کی رہائی کےلئے اپیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بھارت کا اثرورسوخ ہم سے کہیں زیادہ ہے اور تقریباً پچیس چھبیس بھارتی امریکن امریکہ میں اہم عہدوں پر تعینات ہیں جن میں مسلمان بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان کی حکمت عملی کسی مخصوص سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ قومی حکمت عملی ہے۔ حسین حقانی نے بتایا کہ ہمارے 16 مزید ایف 16 جون میں یہاں پہنچ جائیں گے جبکہ نیوی کےلئے بھی جہاز آرہے ہیں۔ اس موقع پر گورنر سلمان تاثیر اور فرح اصفحانی بھی موجود تھے۔