کولکتہ (اے پی پی) جنوبی افریقہ نے سیریز کے دوسرے اورآخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بھارت کے خلاف9 وکٹوں کے نقصان پر266 رنز بنالیے، اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے الواریوپیٹرسن اور ہاشم آملہ نے سنچریاں سکور کیں، بھارت کی طرف سے ظہیرخان اور ہربجھن سنگھ نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پارنل 2 اورمورکل 3 رنز پر ناٹ آوٹ تھے۔ اتوار کو ایڈن گارڈن کولکتہ میں شروع ہونےو الے سیریز کے دوسرے اورآخری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقن اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا کپتان گریم سمتھ 9 کے مجموعی سکور پر 4 رنز بنانے کے بعد ظہیرخان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس موقع پر الواریوپیٹرسن اور ہاشم آملہ نے عمدہ بیٹنگ کامظاہرہ کیااور دوسری وکٹ کی شراکت میں 209 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے الواریوپیٹرسن100رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد ظہیرخان کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے، ہاشم آملہ بھی 114 رنز بنا کرظہیرخان کی گیند کا شکار ہوئے ان کا کیچ وکٹوں کے پیچھے دھونی نے پکڑا ، دونوں سیٹ بیٹسمینوں کے آوٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کا مڈل آڈربھارتی باولرز کے سامنے بے بس نظر آیا جیک کیلس جنوبی افریقہ کے آوٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے جو 10 رنز بنانے کے بعد ہربجھن سنگھ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے ، اے بی ڈی ویلئرز مجموعی سکور میں 12 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد رن آوٹ ہوگئے، ایشول پرنس ایک اورجے پی ڈومینی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے دونوں کو ہربجھن سنگھ نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ ہیرس جنوبی افریقہ کے آوٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا کر شرما کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ ڈیل سٹین بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اورپانچ رنز بنانے کے بعد مشرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے۔ اس طرح جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر266 رنز بنالیے۔ بھارت کی طرف سے ظہیرخان اورہربجھن سنگھ سب سے کامیاب باولرز رہے دونوں نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ، شرما اور مشرا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024