بحرین کے شاہ حمد بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کل بحرین کا دورہ کریں گے اوربحرین کے قومی دن کی تقریب میں مہمان اعزاز کے طورپرشرکت کریں گے۔ایک اعلی سطح وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا جس میں کابینہ کے ارکان کے علاوہ اعلی حکومتی حکام بھی شامل ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا اگست دوہزار اٹھارہ میں وزارت عظمی کا حلف اٹھانے کے بعد بحرین کا یہ پہلا دورہ ہے۔ دورہ کے دوران حمد بن عیسی آل خلیفہ سے ان کی بالمشافہ ملاقات ہوگی جبکہ ولی عہد سلمان بن حمدآل خلیفہ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کے علاوہ عالمی اور علاقائی امور پر گفتگو ہوگی۔ بحرین کا اعلی ترین سول اعزاز بھی وزیراعظم عمران خان کو عطا ہوگا۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترک عقیدے و ثقافت، باہمی اعتماد اور ہم آہنگی پر مبنی قریبی خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاست، تجارت، کمرشل، دفاع، عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ وسیع البنیاد تعلقات قائم ہیں۔ اعلی سطح دوروں کا مسلسل تبادلہ دونوں ممالک کے تعلقات کا نمایاں وصف ہے۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان اقوام متحدہ، اوآئی سی اور جی سی سی سمیت تمام فورمز پر قریبی تعاون استوار ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی سطح پر روابط قائم ہیں جس میں دوطرفہ سیاسی مشاورت اور مشترکہ وزارتی کمشن بھی شامل ہے۔ جس کا مقصد مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر بھی قریبی تعاون قائم ہے۔ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی بحرین کی سماجی واقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ بحرین میں مقیم یہ پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط انسانی پل کا کام کررہے ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ بحرین سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری مزید بڑھانے میں مددملے گی اور اس مقصد کے حصول کے لئے طریقہ ہائے کار پر غور ہوگا۔ یہ دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ اس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات میں مزید قربت لانے اور تعاون تیز کرنے میں مدد ملے گی۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024