طلباء وطالبات نے فری فیس سکیم ختم ہو نے پر پلان بی کا آغاز کر دیا
گلگت( نامہ نگار) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سینکڑوں طلباء وطالبات نے فری فیس سکیم ختم ہو نے پر پلان بی کا آغاز کر دیا ۔ سینکڑوں طلباء وطالبات نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھائے ہو ئے کے آئی یو تا شاہراہ قراقرم دنیور تک مارچ کیااور سی پیک روٹ پر دھرنا دے دیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے طلباء یونین کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ 2011میں ملک کے دیگر یونیورسٹیوں کی طرح گلگت بلتستان کے واحد یونیورسٹی قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے ماسٹر کے طلباء وطالبات کے لئے فیس معافی اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا اب وفاقی حکومت نے 2018سے فیس معافی اسکیم ختم کیا گیا ہے جس سے غریب طلباء وطالبات کو تعلیم کی حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رہنماوں نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے آئی یو میں ایک ہی گھر سے دو سے زاہد طلباء وطالبات اس اسکیم سے فائدہ اُٹھا رہے تھے مگر اب غریب طلباء وطالبات تعلیم کو خیر باد کرنے پر مجبور ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے کے آئی یو میں ماسٹراور ایم فل کے لئے فیسوں میں 50فی صد اضافہ کیا ہے جو کہ زیادتی ہے۔ طلباء یو نین کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ گورنر گلگت بلتستان ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اس اہم مسلے سے آگاہ کرنے کے باوجود ہمارے جائزہ حقوق کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔