حکومت صنعتوں کے لئے بجلی کا حصول آسان تر بنائے : الماس حیدر
لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدرنے حکومت ، وزارت پانی و بجلی اور دیگر متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ صنعتوں کے لیے بجلی کا حصول آسان تر بنائیں کیونکہ اس سلسلے میں طویل طریقہ کار اور سرخ فیتے کی رکاوٹیں کاروباری لاگت میں اضافہ کررہی ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی ترقی میں بجلی کا کردار بہت اہم ہے، ماضی کی نسبت آج بجلی کی پیداوار بہت بہتر ہے لیکن صنعتوں کے لیے بجلی کے کنکشن کا حصول تاحال بہت بڑا مسئلہ ہے، اس حوالے سے عالمی رینکنگ میں پاکستان کا 167ویں درجہ پر ہونا بہت پریشان کن ہے۔ الماس حیدر نے کہا کہ بجلی کے کنکشن کا حصول کوئی معمولی معاملہ نہیں، یہ ایک اہم اکنامک انڈیکٹر ہے جس کی بہتری یا خرابی براہِ راست معاشی کارکردگی پر اثرانداز ہوتی ہے، عالمی منڈی میں مدمقابل ممالک کا مقابلہ کرنے کے لیے اس انڈیکیٹر کو ہر حال میں بہتر کرنا ہوگا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے تجویز کیا کہ ایک پورٹل متعارف کرائی جائے جہاں بجلی کے کنکشن حاصل کرنے کے لیے درخواستیں اور دیگر دستاویزات فراہم کی جاسکیں، یہ پورٹل سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور نادرا ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک ہوتاکہ درخواست دہندہ انڈسٹری کے کوائف کی فوری تصدیق کی جاسکے۔