جناب چیف جسٹس آف پاکستان اور سپیکر پنجاب اسمبلی توجہ فرمائیں
مکرمی: میں ایک خاص مسئلہ کی طرف توجہ مبذول کروانا چاہتا ہوں اس مسئلہ کے حل سے موجودہ حکومت کا پلان ’’میرا گھر‘‘ پروگرام میں بھی بہت مدد ملے گی ۔موجودہ سپیکر پنجاب اسمبلی جب وزیراعلیٰ تھے تو 2002ء میں سرکاری ملازمین کیلئے ہاؤسنگ سکیم’’ایل ڈی ایونیو 1‘‘ کے نام سے شروع کی گئی تھی جس میں ہزاروں کی تعداد میںسرکاری ملازمین نے ممبر شپ لی اور رقوم جمع کروائیں لیکن جو نہی پلاٹ کی اقساط اور قیمت 2004ء میں پوری ہوئیں تو دس مرلہ اور ایک کنال پلاٹ کی قیمت بالترتیب ایک لاکھ باسٹھ ہزار روپے اور تین لاکھ بیس ہزار روپے بڑھا دی گئی اس طرح ممبران کے ساتھ یہ بڑی ناانصافی کی گئی۔ آخر یہ بڑھتی ہوئی رقوم بھی جون 2006ء تک ادا کر دی گئیں۔ آج سولہ سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی بہت سے ممبران خصوصا ’’ ایل بلاک‘‘ سے وابسطہ لوگوں کو پلاٹ نہیں دئیے گئے یہ بڑا ظلم ہے بہت سے ملازمین اپنے پلاٹ کے انتظار میں ریٹائر ہو چکے ہیں اور بہت سے اللہ کو پیارے بھی ہو چکے ہیں جناب اگر حکومت وقت ہی اپنی رعایا پر ظلم کرنا شروع کر دے تو پھر کس کے پاس جاکر داد رسی کی جائے اگر ایل ڈی اے ایونیو 1 کی انتظامیہ کو بلاک L کی موجودہ پوزیشن جاننے کیلئے فون کیا جائے تو مجاز آفیسر وسٹاف فون تک اٹھانا گوارہ نہیں کرتے اور اگر اسی سلسلہ میں کوئی درخواست لکھ کر بھیجی جائے تو وہ جواب دینا بھی پسند نہیں کرتے اس لیے اب میں جناب چیف جسٹس سپریم کورٹ اور سپیکر پنجاب اسمبلی سے گزارش کرتا ہوں کہ برائے مہربانی اس دیرینہ عوامی مسئلہ کی طرف بھی توجہ فرمائیں اور ایل ڈی اے ایونیو ون کی انتظامیہ سے بازپرس کریںتاکہ گورنمنٹ ریٹائرڈ ملازمین سر چھپانے کے لیے اپنا گھر بنا کر عزت کے ساتھ رہ سکیں اللہ تعالی آپ کو اس نیک کام کرنے کی توفیق اور اجر عظیم عطا فرمائے۔ (محمد سرور‘03335262231 )