ٹیلی فونک فراڈ بھی روکیئے
مکرمی!ایک عرصہ سے نوسر بازوں کا ایک گروہ ٹیلی فون پیغام اور کال کے ذریعہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے میں لگا ہوا ہے یہ نوسر باز موبائل نمبروں پر قیمتی انعامات نکلنے کا جھانسہ دے کر ان کی شناختی کارڈ نمبر اور بنک اکاؤنٹ کی معلومات لے کر انہیں جمع پونجی سے محروم کردیتے ہیں نیز نقد وصولی بھی کرلیتے ہیں اور دھونس دھاندلی اور نوسر بازی کے تمام گر آزماتے ہیں سادہ لوح افرادکو چاہیے کہ فراڈ میسج اور کال کے ثبوت دکھا کر پی ٹی آے اور موبائل کمپنیوں کو ان نوسر بازوں کی شکایت کرکے انہیں بند کروائیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کا تعاقب کریں اور ایسے گروہوں کو پکڑ کر قرار واقعی سزا دلوائیں کیوں کہ ریاست اور ریاستی ادارے ٹیکس گزار شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں۔خفیہ اداروں اور پولیس کے لیے ایسے سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔پی ٹی اے کو مل کر ایک ہیلپ ڈیسک قائم کرنا چاہیے جونہی نوسر بازی پر مبنی میسج یا کال آئے ادھر اس کی فوری شکایت درج ہو اور ان لوگوں کو ٹریس کرکے ان کی سرکوبی کے لیے ان کے سروں پر پہنچ جائے۔(ارشاد علی اٹک 0300-5607303)