کلر سیداں، منشیات کے مہلک اثرات سے آگاہی کے لیے واک کا اہتمام
کلر سیداں پولیس نے جمعہ کوعوام کو منشیات کے مہلک اثرات سے آگاہی کے لیے واک کا اہتمام کیا جس کی قیادت ریٹائرڈ ڈی پی او راجہ بشارت محمود ،ایس پی صدر طاہر ،اے ایس پی سعود خان، ایس ایچ او ظہیر احمد بٹ نے کی ۔واک میں الائیڈ سکول ،الصفہ سکول، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری سکول،گورنمنٹ ڈگر ی کالج کلر سیداں ،کلر یوتھ کونسل ،کلر بار ایسوسی ایشن، پریس کلب ،تاجروں شہریوں کے علاوہ پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں کے صدر راجہ ساجد جاوید، پیپلز پارٹی تحصیل کلر سیداں کے صدر محمد اعجاز بٹ، مسلم لیگ ن سٹی کلر سیداں کے صدر شیخ خورشید احمد ،میڈم نبیلہ انعام،مسعود بھٹی، آصف کیانی، گلفراز بٹ، عاقب علی ، راجہ محمد ثقلین، بلدیہ کلر سیداں کے ارکان عاطف اعجاز، عابد زاہدی، پرویز اختر منہاس اور دیگر نے شرکت کی۔واک کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں شامل ریٹائرڈ ڈی پی او راجہ بشارت محمودجو1990میں تھانہ کلر سیداں میں بطور سب انسپکٹر ایس ایچ او تعنیات تھے ۔انہوں نے ہی عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے ختم کر کے خالصتاً میرٹ کا نفاذ کیا تھا اور اس وقت موجودہ ایس ایچ او ظہیر احمد بٹ پولیس میں بطور اے ایس آئی بھرتی ہو کر کلر سیداں تعنیات ہوئے تھے ۔ظہیر احمد بٹ نے راجہ بشارت محمود سے جو ابتداء میں سیکھا 28برس بعد انہوں نے ایک بار پھر کلر سیداں میں رائج کر کے پنجاب پولیس کے لیے نیک نامی کمائی۔انہوں نے سفارش اور رشوت کا قلع قمع کیا پولیس کے بارے میں لوگوں میں موجود خوف کو ختم کر کے دونوں میں فاصلے مٹا دئیے۔اب جو کرتا ہے وہ بھرتا بھی ہے کسی بے گناہ کو پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کا تصور تک نہیں یہی وجہ ہے کہ شرکائے ریلی نے مرید چوک سے کلر سیداں سپورٹس سٹیڈیم تک سفر کا آغاز کیا تو مختلف مقامات پر موجود شہریوں نے پولیس اور دیگر پر زبر دست گل پاشی کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ایس پی صدر طاہر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام پولیس کی ذمہ داری ہے مگر اس کے لیے شہریو ں کا تعاون نا گزیر ہے جرائم کی بنیاد منشیات ہے ،معاشرے کے تمام طبقات اور باالخصوص نوجوانوں کو اس کے نقصانات سے آگاہ کرنا ضروری ہے ۔اے ایس پی سعود خان نے کہا کہ پولیس پر لوگوں کی گل پاشی عوامی اعتماد کا مظہر ہے کلر سیداں کے لوگوں نے منشیات کے خلاف کاروائی میں پولیس کا ساتھ دیا جس پر وہ ان کے مشکور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ منشیات تمام جرائم کی ماں ہے جرائم پیشہ افراد منشیات کے ذریعے ہماری نئی نسل کو تباہ کرنا چاہتے ہیں نوجوان اور طلبا صرف تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں۔محترمہ نبیلہ انعام نے کہا کہ نبیؐ نے ذہنی دبائو کا اعلاج قرآن کی تلاوت اور نماز کی ادائیگی بتایا ہے اس کے لیے منشیات میں پناہ لینے کی ضرورت نہیں بچے ہمارا مستقبل ہیں آج کلر سیداں کا ہر شخص منشیات کے خلاف پولیس کے ساتھ کھڑا ہے ۔انہوں نے راجہ بشارت محمود کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دیانتداری کی درخشندہ روایات قائم کی تھیں ان پر ہم سب کو آج بھی فخر ہے ۔راجہ ساجد جاوید نے کہا کہ پولیس نے ہماری نئی نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے جس مہم کا آغاز کیا ہے ہم سب پولیس کے ساتھ ہیں ۔محمد اعجاز بٹ نے کہا کہ منشیات لعنت ہے اس کا استعمال جرم ہے ،ایس ایچ او ظہیر احمد بٹ نے کہا کہ وہ فرائض منصبی سے پوری طرح آگاہ ہیں غفلت کا مرتکب نہیں ہو سکتا کسی جرائم پیشہ کو نہیں چھوڑوں گا کوئی مائی کا لال دبائوڈال سکتا ہے نہ ہی میں کسی کی سفارش قبول کرتا ہوں فرائض منصبی کی بجا آوری میری اولین ترجیح ہے اعلیٰ حکام کی توقعات اور ذمہ داریوں کو ہر صورت پورا کروں گا اس موقع پر عابد حسین زاہدی اور شیخ توقیر احمد نے بھی خطاب کیا۔