تھری جی لائسنس کا عمل شفاف بنانے کیلئے ٹرانسپیرنسی اور پی ٹی اے میں معاہدہ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اور پی ٹی اے میں تھری جی لائسنس کا عمل شفاف بنانے کا معاہدہ ہو گیا۔ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد کیلئے معاہدہ کیا۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل تھری جی لائسنس کے عمل کی نگرانی کا معاوضہ نہیں لے گی۔ نیب، پی اے سی اور دیگر اداروں کو بھی نگرانی کے عمل میں شامل کر رہے ہیں۔ چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ ہمارا کوئی سیاسی یا پاکستان مخالف ایجنڈا نہیں ہے۔ چاہتے ہیں تھری جی لائسنس سے متعلق تمام عمل شفاف ہو۔ دریں اثناءوزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال پریشان کن ہے۔ نگران حکومت کیلئے مناسب زرمبادلہ کے ذخائر ضروری ہیں، صورتحال پر قابو پا لیں گے۔ امریکہ سے 2 سے 3 ہفتوں میں 60 کروڑ ڈالر مل جائیں گے۔ حکام وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا وفد آئندہ ماہ پاکستان آئے گا۔ آئی ایم ایف سے نئے پروگرامز پر بھی بات ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ایف سے زرمبادلہ کو مستحکم بنانے کیلئے مدد لینے پر بات ہو گی۔