لاہور (رپورٹ: خواجہ فرخ سعید) تحریک انصاف پنجاب کے صدر احسن رشید نے کہا ہے کہ ذاتی مفاد کیلئے پاکستان کا مفاد قربان کرنے والے حکمران زیادہ دیر نہیں چل سکتے۔ اگلے چند ماہ میں بڑی تبدیلیاں آئیں گی، عمران خان کی طالبان سے مذاکرات کرانے کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے تو طالبان بات چیت کیلئے تیار ہو جائیں گے۔ امریکی افغانستان میں طالبان سے بات کرنے پر آمادہ ہو سکتے ہیں تو ہمیں تحریک طالبان سے مذاکرات کرنے میں انکار کیوں ہے، پاکستان میں دہشت گردی بندکرنے کیلئے تحریک طالبان سے مذاکرات ہونے چاہئیں، آزاد عدلیہ امید کی کرن ہے، نچلی سطح پر بھی احتساب ہونا چاہئے۔ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ ایوان وقت میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کی منظوری اچھا قدم ہے، پنجاب نے بڑے بھائی کا کردار ادا کیا اور قربانی دی تاکہ چھوٹے صوبوں کو زیادہ وسائل ملیں اس معاملے میں شہباز شریف اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان کیک کی بانٹ ہوئی لیکن کیک بہت چھوٹا ہے اس سے ملنے والے حصے سے کسی صوبے میں خاطر خواہ تبدیلی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو وسائل بڑھانے کیلئے ٹیکس کا نظام بدلنا چاہئے۔ پاکستان بھر میں صرف 65 آدمی نے 5 کروڑ سے زائد آمدنی ظاہر کی جب کہ بھارتی اداکار اکشے کمار نے 70 کروڑ روپے آمدنی بتائی اور اس پر 25کروڑ روپے ٹیکس دیا۔ ہمارے ہاں تمام ارکان اسمبلی کا انکم ٹیکس بھی 25 کروڑ سے کم ہو گا۔ یہاں تو صدر زرداری اور نواز شریف پانچ پانچ ہزار روپے سالانہ ٹیکس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت بلوچستان کے علیحدگی پسندوں سے بات چیت کے لئے تیار ہے تو اسے تحریک طالبان سے بھی بات چیت کرکے مسئلے کا حل ڈھونڈنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسند جنگ جیت رہے ہیں، فوجی آپریشن حل نہیں بھارت بھی کشمیر میں 7 لاکھ افواج کے زور پر امن قائم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں حکومت ناکام ہو جائے تو عوام کا حق ہے کہ نیا الیکشن کرایا جائے۔ اگلے سال مڈٹرم الیکشن ہوں گے جن میں تحریک انصاف بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38