وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ بھارت جبری طور پر کشمیریوں پر اپنی مرضی نہیں تھوپ سکتا۔
وزیراعظم تنویر الیاس نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت تک ہندوستان کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا. دنیا بھر میں موجود کشمیریوں سے اپیل ہے بھارت کے خلاف احتجاج کرے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے. عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر خاموش تماشائی ہے۔تنویر الیاس نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے.ایشیا میں ترقی کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر سے گزرتا ہے۔کنٹرول لائن کی دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منارہے ہیں۔بھارتی یوم آزادی پر مقبوضہ وادی میں ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔قابض فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
واضح رہے کہ بھارتی مظالم کی طرف توجہ مبذول کرانے کے لیے دنیا بھر میں بھارت مخالف مظاہرے ہوں گے۔