پاک افغان ٹرانزٹ منصوبے سے تجارتی تعلقات مضبوط ہونگے
لاہور(کامرس رپورٹر )سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ 5 بلین ڈالر کے مجوزہ 754 کلومیٹر طویل پاک افغان ٹرانزٹ ریل لنک منصوبے سے خطے میں برآمدات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات بھی مضبوط ہونگے۔ گزشتہ روز محمد اسفند یار خان کی قیادت میں برطانیہ کے درآمد و برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان ریلوے کی مشترکہ ٹیم کے ارکان نے منصوبے کی فزیبلٹی اور سروے کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ ریلوے لنک پشاور سے شروع ہو کر جلال آباد،کابل اور مزار شریف سے ہوتے ہوئے ترمز تک جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کثیر القومی اہمیت کے حامل منصوبے پر عمل درآمد کے بعد خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا جس کا بنیادی مقصد خطے کے عوام کی فلاح و بہبود ہے جبکہ دونوں ممالک کے نجی شعبے اپنی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارت کو فروغ دے سکیں گے اور اس سے برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سارک چیمبرنے تجارت کے بوجھل طریقہ کار کو سہل بنانے کے علاوہ کچھ ٹیکسوں کو ختم کرکے رکن ممالک کے درمیان زمینی راستوں کے ذریعے تجارت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اب تک خوشحال افغانستان کے لیے اپنے عزم کے اظہار کے طور پر اور افغانستان کو پراکسی ملک کے طور پر استعمال کرنے کے تاثر کو زائل کرنے کے لیے کہ افغانستان میں ہسپتالوں، اسکولوں اور سڑکوں کے نیٹ ورکس کی تعمیر نو کے لیے 1 بلین امریکی ڈالر کا تعاون کیا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان اپنے محدود وسائل سے افغانستان میں تعلیم، صحت، سکولوں اور ہسپتالوں کی سڑکوں کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں میں استعداد کار بڑھانے کے لیے 500 ملین امریکی ڈالر فراہم کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال ستمبر سے اب تک پاک افغان تعاون فورم کے انتظامات کے تحت 694 ٹرکوں اور چار سی 130 طیاروں کے ذریعے 14,945 ٹن امداد فراہم کی جا چکی ہے۔ برطانوی وفد کے قائد محمد اسفند یار خان نے مشکل گھڑی میں افغانستان کی بھرپور مدد کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ سارک چیمبر جنوبی ایشیا کے بزرگ تاجر رہنما افتخار علی ملک کی قیادت میں رکن ممالک کے نجی شعبوں کو فعال کرکے خطے میں تجارت کو فروغ دینے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔