نر یندری مودی کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے اور آج 50سال بعد کشمیر کا مقدمہ سلامتی کونسل میں آگیا ہے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پوری دنیا کی نظریں سلامتی کونسل پر ہیں، دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کرناہوگا، ہم سفارتی ، قانونی اور اخلاقی محاذ پر مقابلہ کریں گے اور کشمیریوں کا آخری حد تک ساتھ دیں گے ۔یوم سیاہ کے موقع پرچیئر کراسنگ مال روڈ پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کرناہوگا ، اس وقت خطے کا امن دا پر لگادیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے امریکہ سے کہہ دیا تھا کہ وزیر اعظم اور پاکستان کے عوام افغانستان کا امن دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں لگتاہے کہ اس کیخلاف کوئی سازش ہورہی ہے اور میں نے اس پر سفارتی سطح پر احتجاج ریکارڈ کروایا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آج لاہور اور لندن میں حق کی آواز بلند کی جارہی ، پاکستان نے فیصلہ کیاہے کہ ہم سفارتی ، قانونی اور اخلاقی محاذ پر مقابلہ کریں گے اور کشمیریوں کا آخری حد تک ساتھ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیر ی پاکستان اور عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں، کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل تک پہنچا دیا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ کشمیر کی تمام قیادت پابند سلاسل ہے اور کرفیوکو آج گیارواں روز ہے۔ آج پوری قوم کا پیغام ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان ، حکومت ہر فورم پر کشمیریوں کاساتھ دیگی، مودی سرکار نے چال چلی ، آج سیاست نہیں کشمیر کاز کا وقت ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں سلامتی کونسل پر ہیں . وزیر خارجہ شاہ محمود قر یشی نے کہا کہ نر یندری مودی کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے اور آج 50سال بعد کشمیر کا مقدمہ سلامتی کونسل میں آگیا ہے۔