لندن : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر بحیثیت پاکستانی یوم سیاہ منایا جائے گا۔
برطانیہ میں مقیم کمیونٹی بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پہنچے، مظاہرے میں کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہیں ہونا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کردار آنے والے سالوں میں بہت اہم ہو گا، نریندرمودی ہمارے دورہ امریکا سے گھبرا گیا تھا، آج دنیا بھرمیں بھارت کے خلاف مظاہرے ہوں گے۔
ہم سب کی آواز ایک ہونی چاہئے، کل سب کو خوش آمدید کہیں گے، کل کے مظاہرے میں کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہیں ہونا چاہیے، زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہمودی کا نظریہ ہٹلر کا نظریہ ہے، مہاتما گاندھی کا قتل بھی آر ایس ایس نے کروایا۔
تمام پاکستانی اور کشمیری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ آج یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کریں اور مظاہرین کی مہمان نوازی کریں، معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ مظاہرے میں انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے بھارتی شہری اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی شریک ہونگے۔
انڈین ہائی کمیشن کے سامنے یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے اکٹھے ہورہے ہیں۔ آج صرف کشمیر کےجھنڈے اور مودی کےخلاف بینرز نظر آئیں گے،آج کا دن صرف کشمیر کے لیے ہے، اس میں کوئی سیاسی پارٹی نہیں ، آج یوم سیاہ میں سب لوگ شرکت کریں۔