حضوری باغ میں یوم آزادی تقریب کی جھلکیاں
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور حضوری باغ پہنچے تو صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، کمشنر اوردیگر اعلی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے دعا کرائی۔ وزیراعلیٰ اورگورنر کوحضوری باغ کے سامنے بادشاہی مسجد کی سیڑھیوں پر کھڑے سکاؤٹس نے سبزہلالی پرچم اورکشمیر کے پرچم لہرا کرپرجوش سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ اور گورنر سکاؤٹس میں گھل مل گئے اوران کے ساتھ ملکر پاکستان اورکشمیر کے پرچم لہرائے۔ اس موقع پر قائداعظم ؒکی آواز میں ان کی تقریروں کے اقتباسات بھی سنائے گئے۔ وزیراعلیٰ اور گورنر نے تقریب میں شریک چین اور ایران کے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اور ان کی نشست پر جا کر مصافحہ کیا چین اور ایران کے قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔