مودی حکومت کے اقدام سے ایل او سی سیزفائرلائن میں تبدیل ہوچکی :سردار عتیق
مظفرآباد(این این آئی)مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے سیز فائر لائن توڑنے ،بی فائیو ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے احتجاجی دھرنے دینے اور مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کردیا۔ پریس کانفرس سے خطاب کر تے ہوئے سردار عتیق نے کہا کہ مودی حکومت کے اقدام سے ایل او سی سیزفائرلائن میں تبدیل ہوچکی ہے ۔کشمیر کے اندر ایسے حالات پیدا کر دیے ہیں کہ سیز فائر لائن کو کسی بھی وقت بیک وقت کئی مقامات سے توڑ دیں گے ۔ آل پارٹیز کانفرنس کے اجلاس میں سیاسی جماعتوں کی طرف سے سیز فائر لائن توڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سردار عتیق نے کہا کہ بی فائیو ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کرنے کی اپیل کی ۔سردار عتیق احمدخان نے 25ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل کونسل سے نریندرمودی کے خطاب کے موقع پر دنیا میں مقیم پاکستانی اور کشمیری شہریوں سے بھرپور احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے ۔سردار عتیق احمدخان نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدرخان کو مشورہ دیا ہے کہ مریم نواز ، نواز شریف کے بینرز اور پورٹریت اتار کر مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تصویریں اور پورٹریٹ لگانے کے ساتھ پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لگائے جائیں۔